روس میں ایک لاجسٹک سینٹر پر یوکرینی ڈرون حملے میں 7 افراد ہلاک اور 24 ذخمی ہوگئے ہیں. روسی حکام کے مطابق یوکرین کے ڈرون حملے میں روس کے تامبوف علاقے کے شہر کوتووسک میں ایک لاجسٹک سینٹر کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوئے۔حملہ مبینہ طور پر روس کی بڑی ای کامرس کمپنی کے لاجسٹک مرکز پر کیا گیا۔مقامی حکام نے جائے وقوعہ پر ہنگامی امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ روسی حکام نے اس حملے کا الزام یوکرین پر عائد کیا ہے. واضح رہے کہ یوکرین نے حالیہ مہینوں میں روس کے اندر فوجی اور لاجسٹک اہداف پر ڈرون حملے تیز کیے ہیں تاہم ہر حملے کی بعد باضابطہ تبصرہ نہیں کیا جاتا۔یہ واقعہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں سرحد پار ڈرون حملوں میں اضافے کی تازہ مثال ہے، جبکہ روس بھی اسی دوران یوکرین کے مختلف شہروں اور بندرگاہوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔




