واشنگٹن: ایک تازہ عوامی سروے کے مطابق امریکا میں ایران کے خلاف جنگ کے فیصلے پر عوام کی بڑی تعداد حکومت سے اختلاف رکھتی ہے۔ سروے میں شامل 57 فیصد امریکیوں نے رائے دی کہ ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کا فیصلہ درست نہیں تھاسروے کے نتائج کے مطابق صرف 27 فیصد امریکیوں نے حکومت کے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے اسے درست قرار دیا، جبکہ باقی افراد نے یا تو مخالفت کی یا اس حوالے سے کوئی واضح رائے نہیں دی۔رپورٹ کے مطابق امریکی عوام کی ایک بڑی تعداد کو خدشہ ہے کہ یہ تنازع جلد ختم نہیں ہوگا۔ سروے میں 46 فیصد افراد نے کہا کہ ان کے خیال میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ مزید ایک سال یا اس سے بھی زیادہ عرصے تک جاری رہ سکتی ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق سروے کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ جنگ کے طویل ہونے کے خدشات اور اس کے ممکنہ معاشی و سیاسی اثرات امریکی عوام میں تشویش پیدا کر رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر جنگ طول پکڑتی ہے تو اس کے اثرات نہ صرف امریکی معیشت بلکہ عالمی توانائی کی منڈی، تیل کی قیمتوں اور مشرق وسطیٰ کی سکیورٹی صورتحال پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایسے سروے مستقبل میں امریکی حکومت کی خارجہ پالیسی، جنگی حکمت عملی اور عوامی حمایت پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔




