جولائی 9, 2026

ہڈیوں کو کمزور بنانے والی 5 عام ترین عادات

ہڈیوں کی کمزوری کا سامنا کسی بھی عمر میں ہو سکتا ہے اور اس حوالے سے وٹامنز یا منرلز کی کمی یا طرز زندگی کا انتخاب اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ماہرین کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کا حجم گھٹنے لگتا ہے، خاص طور پر خواتین میں یہ بہت عام مسئلہ ہوتا ہے۔ہڈیوں کی کمزوری کے دوران ان کی کثافت گھٹ جاتی ہے جبکہ ہر 2 میں سے ایک خاتون اور ہر 4 میں سے ایک مرد اس سے متاثر ہوتے ہیں۔ہمارے طرز زندگی کی چند عادات اور غذائیں ہڈیوں کو کمزور بنانے کا باعث بنتی ہیں۔
نمک کا زیادہ استعمال
غذا میں نمک کا زیادہ استعمال ہڈیوں کو کمزور بنانے کا باعث بن سکتا ہے۔جسم میں نمک کی مقدار بڑھنے سے کیلشیئم کی سطح میں کمی آتی ہے جس سے بتدریج ہڈیاں کمزور اور بھربھری ہونے لگتی ہیں۔تو ہڈیوں کی کمزوری سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ غذا میں نمک کا استعمال محدود کریں۔
بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا
40 سال کی عمر کے بعد ہمارے جسم میں ہڈیوں کا حجم بتدریج گھٹنے لگتا ہے۔مگر موجودہ عہد میں بیشتر افراد اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں اور جسمانی سرگرمیاں محدود ہونے سے ہڈیوں کی صحت متاثر ہوتی ہے۔ہڈیوں کو طویل عرصے تک صحت مند رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ جسمانی سرگرمیوں کو عادت بنایا جائے۔ورزش خاص طور چہل قدمی اور جاگنگ کرنے سے بھی ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔اسی طرح وزن اٹھانے والی ورزشوں سے ہڈیوں کی کثافت میں اضافہ ہوتا ہے جس سے ان کی صحت بہتر ہو جاتی ہے۔
سورج میں گھومنے سے گریز
روزانہ کچھ دیر تک سورج کی روشنی میں گھومنا ہڈیوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے کیونکہ اس روشنی سے جسم میں وٹامن ڈی بنتا ہے۔وٹامن ڈی ہڈیوں کے لیے اہم ترین اجزا میں سے ایک ہے۔وٹامن ڈی متعدد جسمانی افعال میں مدد فراہم کرتا ہے جبکہ ہڈیوں اور دانتوں کو صحت مند بنانے کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ یہ کیلشیئم کو جذب ہونے میں مدد فراہم کرتا ہے۔اگر مناسب مقدار میں کیلشیئم کا استعمال کیا جائے مگر جسم میں وٹامن ڈی کی کمی ہو تو ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔بالغ افراد کو روزانہ کم از کم 25 مائیکرو گرام وٹامن ڈی کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کا حصول سورج کی روشنی کے ساتھ ساتھ مچھلی، دودھ یا اس سے بنی مصنوعات، انڈوں اور گائے کی کلیجی سے ممکن ہے۔
میٹھے مشروبات کا زیادہ استعمال
میٹھے مشروبات جیسے سافٹ ڈرنکس کا زیادہ استعمال ہڈیوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔کچھ تحقیقی رپورٹس میں ان مشروبات اور ہڈیوں کی کمزوری کے درمیان تعلق دریافت کیا گیا۔
زیادہ چائے یا کافی بھی نقصان دہ
اگر آپ بہت زیادہ مقدار میں چائے یا کافی کا استعمال کرتے ہیں تو یہ عادت ہڈیوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق کیفین کی زیادہ مقدار کا استعمال ہڈیوں کی صحت کو متاثر کرتی ہے۔
تمباکو نوشی
تمباکو نوشی سے جسم کے دیگر حصوں کی طرح ہڈیوں کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔
تمباکو نوشی کے عادی افراد میں ہڈیاں ٹوٹنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے جبکہ فریکچر ہونے پر ٹھیک ہونے میں زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔