جون 11, 2026

شدید گرمی میں ڈی ہائیڈریشن سے کیسے بچیں؟ طبی ماہرین نے بتا دیا

موسمِ گرما کے دوران شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دنوں میں جسم میں پانی کی کمی ایک عام مسئلہ بن جاتا ہے جس سے تھکن، سر درد اور توانائی میں کمی جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران صرف پانی پینا کافی نہیں ہوتا بلکہ چند عام گھریلو اجزاء شامل کر کے پانی کو زیادہ مؤثر بنا کر ڈی ہائیڈریشن سے بچا جا سکتا ہے۔
پانی میں شامل کرنے والے 5 مفید اجزاء

  1. لیموں
    پانی میں لیموں شامل کرنے سے ذائقہ بہتر ہو جاتا ہے اور پانی زیادہ پینے کی عادت بنتی ہے، لیموں میں پوٹاشیئم اور وٹامن سی موجود ہوتا ہے جو جسم میں الیکٹرولائٹس کے توازن میں مدد دیتے ہیں۔طبی ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ پانی میں لیموں کے ساتھ ساتھ چٹکی بھر نمک اور حسبِ ضرورت چینی شامل کر کے پینے سے اس کے فوائد بڑھ جاتے ہیں۔
  2. پودینے کے پتے
    پودینہ جسم کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے اور پانی کو زیادہ تازگی بخشتا ہے، بہتر ذائقے اور خوشبو کے باعث لوگ زیادہ پانی پیتے ہیں جس سے ہائیڈریشن میں کمی دور ہوتی ہے۔پودینے کی پتیوں کو پانی میں بلینڈ یا صرف بھگو کر بھی پیا جا سکتا ہے۔
  3. چیا سیڈز
    بھگوئے ہوئے چیا سیڈز پانی جذب ہو کر جیل نما شکل اختیار کر لیتے ہیں جو جسم میں پانی کے زیادہ دیر تک ٹھہرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، گرمیوں میں یہ دیرپا ہائیڈریشن کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں۔
  4. نمک کی معمولی مقدار

پانی میں ایک چٹکی نمک شامل کرنے سے جسم میں سوڈیئم کی مقدار برقرار رہتی ہے جو پانی کو جسم میں محفوظ رکھنے اور پسینے کے ذریعے ہونے والے اضافی نقصان کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

  1. کھیرا

کھیرا تقریباً 95 فیصد پانی پر مشتمل ہوتا ہے اور اس میں پوٹاشیئم سمیت مفید غذائی اجزاء بھی پائے جاتے ہیں، پانی میں بھگوئے ہوئے کھیرے کا پانی تازگی فراہم کرتا ہے اور پانی کی مقدار بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ہیٹ ویو سے بچنے کے آسان طریقے
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پیاس لگنے کا انتظار نہ کریں، دن بھر وقفے وقفے سے پانی پیتے رہیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو، پانی والی غذائیں (پھل اور سبزیاں) استعمال کریں، تربوز، کھیرا، مالٹا اور دہی جیسی غذائیں جسم کو اضافی نمی اور غذائیت فراہم کرتی ہیں۔
کیفین اور میٹھے مشروبات کم کریں، زیادہ چائے، کافی اور میٹھے مشروبات جسم سے پانی کے اخراج میں اضافہ کر سکتے ہیں، ان کی جگہ لسی یا قدرتی مشروبات بہتر انتخاب ہیں۔ہلکے کپڑے اور ہلکی غذا اختیار کریں، سوتی اور ہوا دار لباس پہنیں جبکہ بھاری اور چکنی غذاؤں سے گریز کریں، دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔دوپہر 12 سے شام 4 بجے کے درمیان دھوپ کی شدت سب سے زیادہ ہوتی ہے، اس لیے ممکن ہو تو گھر کے اندر رہیں اور باہر نکلتے وقت پانی ساتھ رکھیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مناسب ہائیڈریشن اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے منفی اثرات سے بڑی حد تک بچا جا سکتا ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔