جون 10, 2026

کسی سے انگلش میں بات کرنا یا سمجھنا مشکل لگتا ہے؟ تو اب گوگل آپ کی مدد کرے گا

ویسے تو انٹرنیٹ پر ہر چیز کو جاننے کے لیے لوگ گوگل کا رخ کرتے ہیں۔مگر اب جب کوئی انگلش یا کسی اور زبان میں بات کرے گا جو سمجھنا یا بولنا مشکل ہو تو اب واقعی گوگل اس میں آپ کی مدد کرے گا۔جی ہاں واقعی اب گوگل کا نیا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹول رئیل ٹائم میں کسی فرد کی گفتگو کو ترجمہ کرے گا تاکہ آپ کسی فرد سے دوسری زبان میں بہتر انداز سے بات کرسکیں۔گوگل کی جانب سے جیمنائی 3.5 لائیو ٹرانسلیٹ نامی اے آئی ٹول متعارف کرایا گیا ہے۔یہ نیا آڈیو ماڈل رئیل ٹائم میں مختلف زبانوں کی گفتگو کو زیادہ قدرتی بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔جیمنائی 3.5 لائیو ٹرانسلیٹ مسلسل سننے، ترجمہ اور بولنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے چند سیکنڈ کے اندر قدرتی انداز سے بات چیت کو جاری رکھنے میں مدد ملتی ہے۔کمپنی کے مطابق یہ اے آئی 70 سے زائد زبانوں کو سپورٹ کرتا ہے۔گوگل نے بتایا کہ یہ ٹیکنالوجی اب ڈویلپرز اور شراکت داروں کو دستیاب ہے جو اسے میٹنگز، کمیونیکیشن پلیٹ فارمز اور موبائل ایپس کا حصہ بناسکتے ہیں۔اس میں آپ کو بولنے والے کے جملے کو مکمل ہونے کا انتظار نہیں کرنا ہوگا بلکہ جیمنائی 3.5 لائیو ٹرانسلیٹ مسلسل ترجمہ کرے گا جس سے گفتگو تاخیر کا شکار نہیں ہوگی۔کمپنی نے بتایا کہ یہ ٹول پرشور ماحول میں بھی کام کرسکے گا اور اسے بیک گراؤنڈ آوازوں کو ہینڈل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔تو اسے متعدد کاموں کے لیے استعمال کیا جاسکے گا جیسے کسٹمر سپورٹ کالز، کلاس رومز، رائیڈ شیئرنگ سروسز اور براہ راست نشریات وغیرہ۔گوگل کی جانب سے آواز کے معیار پر زور دیا گیا ہے اور یہ سسٹم کسی فرد کے بولنے کی رفتار، انداز اور دیگر پہلوؤں کو محفوظ کرے گا۔اس سے ٹرانسلیٹ کی جانے والی آواز زیادہ قدرتی محسوس ہوگی اور گفتگو کا بہاؤ ہموار رہے گا۔