مئی 5, 2026

ہیپاٹائٹس و ایڈز کے خاتمے کیلئے مریضوں کی اسکریننگ یقینی بنائی جائے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری اسپتالوں میں ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے خاتمے کے لیے مریضوں کی اسکریننگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کی صحت کے لیے بہترین خدمات فراہم کرنا ترجیحات میں ہے، ایک بھی جان کے تحفظ کے لیے ہم ہر حد، ہر رکاوٹ اور ہر قربانی کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم نے ہیپاٹائٹس، ایڈز اور دیگر امراض کی بروقت رپورٹنگ کے لیے مربوط نظام تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ بروقت تشخیص سے ہی ان امراض کا مکمل سدباب ممکن ہو سکے گا۔ انھوں نے کہا کہ وزارت صحت صوبوں کے اشتراک سے وزیراعظم ہیپیٹائٹس کنٹرول پروگرام کے نفاذ میں تیزی لائے۔ امراض کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک بھر میں آٹو ڈس ایبل سرنج کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈریپ اور دیگر ادارے سرنج کے دوبارہ استعمال کو مکمل روکنے کو یقینی بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔ اجلاس میں پولیو، ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے بڑےاسپتالوں میں 98 اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی سینٹرز قائم ہوچکے ہیں، ایک سال میں ان سینٹرز کو 164 کی تعداد تک لے جایا جائے گا۔ بریفنگ کے مطابق ملک واپس آنے والے غیرقانونی تارکین وطن کے لیے ہوائی اڈوں پر ایڈز اسکریننگ شروع ہوچکی ہے۔ جبکہ ماحولیاتی نمونوں کے حالیہ ٹیسٹوں میں پولیو وائرس کی موجودگی میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ برحالیہ انسداد پولیو مہم میں کوریج 98 فیصد رہی۔ اجلاس میں وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرصحت مصطفیٰ کمال، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ اور فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق شریک تھے۔