مئی 1, 2026

فیفا کانگریس: فلسطینی عہدیدار کی اسرائیلی نمائندے کیساتھ تصویر بنوانے، ہاتھ ملانے سے انکار

فیفا کانگریس میں فلسطینی فٹبال فیڈریشن کے صدر جبریل رجوب اسرائیلی نمائندے کے ساتھ تصویر بنوانے اور ہاتھ ملانے سے انکار کردیا۔76ویں فیفا کانگریس کے دوران ایک اہم لمحے پر کشیدگی اس وقت سامنے آئی جب فلسطینی فٹبال فیڈریشن کے صدر جبریل رجوب نے اسرائیلی فٹبال ایسوسی ایشن کے نائب صدر باسم شیخ سلیمان کے ساتھ اسٹیج پر کھڑے ہونے سے انکار کر دیا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فیفا صدر جیانی انفینٹینو نے دونوں کو اپنے ساتھ آنے کی دعوت دی۔رپورٹس کے مطابق انفینٹینو نے رجوب کو قریب آنے کے لیے اشارہ کیا اور بازو سے پکڑ کر آمادہ کرنے کی کوشش بھی کی تاہم وہ اپنے مؤقف پر قائم رہے۔فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کی نائب صدر سوزن شلبی نے بتایا کہ رجوب نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ ایسے شخص سے ہاتھ نہیں ملا سکتے۔بعد ازاں انفینٹینو نے خطاب میں دونوں فریقین کو مل کر کام کرنے کی تلقین کی۔تاہم شلبی نے اس اقدام کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ رجوب کی تقریر کا مقصد قوانین اور انصاف پر زور دینا تھا جسے نظر انداز کیا گیا۔یاد رہے کہ فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن نے حال ہی میں کھیلوں کی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کی ہے، جس میں مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی کلبز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔