مئی 1, 2026

آئی پی ایل: متنازع کیچ پر ویرات کوہلی کی امپائر سے لڑائی

تنازعات کی زد میں رہنے والی انڈین پریمیئر لیگ میں ایک اور نیا تنازع سامنے آگیا۔تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بینگلور اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان ایک اہم میچ اس وقت تنازع کا شکار ہو گیا جب رجت پاٹیدار کے آؤٹ ہونے پر شدید ردعمل سامنے آیا۔اس واقعے نے نہ صرف شائقین بلکہ ٹیم مینجمنٹ کو بھی حیران کر دیا۔میچ کے اہم مرحلے میں پاٹیدار نے ایک شارٹ گیند پر پل شاٹ کھیلنے کی کوشش کی تاہم گیند بلے کا اوپری کنارہ لے کر ڈیپ اسکوائر لیگ کی جانب گئی جہاں جیسن ہولڈر نے کیچ مکمل کیا جبکہ اس دوران کگیسو ربادا بھی فائن لیگ سے دوڑتے ہوئے ان کے قریب پہنچ گئے تھے۔کیچ کے واضح نہ ہونے کے باعث آن فیلڈ امپائرز نے فیصلہ تھرڈ امپائر کے سپرد کیا۔ری پلے میں واضح طور پر نظر نہیں آیا کہ گیند زمین کو لگی یا نہیں اور شواہد کی کمی کے باوجود پاٹیدار کو آؤٹ قرار دے دیا گیا جس پر تنازع کھڑا ہو گیا۔اس فیصلے پر ویرات کوہلی نے سخت ردعمل دیا اور باؤنڈری لائن کے قریب فورتھ امپائر سے بحث کرتے دکھائی دیے۔بعد میں ہیڈ کوچ اینڈی فلاور بھی گفتگو میں شامل ہوئے اور دونوں نے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ یہ وکٹ ایسے وقت پر گری تھی جب ٹیم پہلے ہی دباؤ کا شکار تھی۔