جون 22, 2026

انسٹا گرام میں ایک بہت بڑی تبدیلی کیے جانے کا امکان

انسٹا گرام میں ایک بہت بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے جو ہوسکتا ہے کہ متعدد صارفین کو پسند نہ آئے۔انسٹا گرام پوسٹس میں صارفین اپنے مواد کو مدنظر رکھ کر مختلف ہیش ٹیگز کا استعمال کرتے ہیں۔مگر اب لگتا ہے کہ اس ہیش ٹیگز کی تعداد پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔متعدد افراد نے رپورٹ کیا ہے کہ جب وہ کسی انسٹا گرام پوسٹ پر 3 سے زائد ہیش ٹیگز ایڈ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو ایسا ممکن نہیں ہوتا۔ایسا کرنے پر ان کے سامنے ایک نوٹس آتا ہے جس میں کہا جاتا ہے کہ آپ ایک پوسٹ پر صرف 3 ہیش ٹیگز استعمال کرسکتے ہیں۔کمپنی کی جانب سے اس پابندی کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا اور ہر صارف کو بھی ابھی اس مسئلے کا سامنا نہیں ہو رہا۔تو ابھی کمپنی کی جانب سے اس فیچر کو بتدریج متعارف کرایا جا رہا ہے یا کمپنی ابھی محدود صارفین میں اس کی آزمائش کر رہی ہے۔تو اگر آپ اپنی پوسٹس میں درجنوں ہیش ٹیگز استعمال کرتے ہیں تو بظاہر مستقبل قریب میں ایسا ممکن نہیں ہوگا۔جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا تو یہ کہنا مشکل ہے کہ اس کا اطلاق کب تک ہوگا۔