جون 26, 2026

متحدہ عرب امارات: اماراتی میڈیا کونسل نے انتباہ جاری کردیا

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مشہور شخصیات اور قومی علامتوں کی آرٹیفیشل انٹیلجنس (اے آئی) کے ذریعے بغیر اجازت کے تصویر کشی کرنا غیر قانونی قرار دے دیا گیا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اماراتی میڈیا کونسل نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بغیر اجازت کے اے آئی کی مدد سے مشہور شخصیات اور قومی علامتوں کی تصویر کشی کرنا اور گمراہ کن معلومات پھیلانا قانون کی خلاف ورزی میں شمار ہوگا۔رپورٹس کے مطابق انتباہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسی سرگرمیاں ناصرف پیشہ ورانہ اور اخلاقی ذمے داری کی خلاف ورزی ہیں بلکہ اماراتی میڈیا قوانین کے تحت قانونی کارروائی اور بھاری جرمانے کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔عوام کو خبردار کرتے ہوئے اماراتی میڈیا کونسل کا کہنا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلجنس کی مدد سے کسی کی شناخت متاثر نہ کریں۔اماراتی ضوابط کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلجنس پر مبنی ٹولز سے مشہور شخصیات یا قومی علامتوں کی حکومت کی اجازت کے بغیر تصویر کشی کرنا میڈیا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔اس کے علاوہ جھوٹا پروپیگنڈا، نفرت انگیزی، کردار کشی اور سماجی اقدار پر حملہ ناقابلِ قبول ہے۔ ایسے منفی اقدامات پر میڈیا قوانین کے تحت بھاری جرمانے اور انتظامی سزائیں دی جائیں گی۔متحدہ عرب امارات نے حالیہ برسوں میں سوشل میڈیا ریگولیشن مزید سخت کردیئے ہیں تاکہ عوام کو جعلی خبروں اور نقصان دہ مواد سے محفوظ رکھا جا سکے۔دنیا بھر میں آرٹیفیشل انٹیلجنس کے بڑھتے ہوئے استعمال پر گہری تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔