سفارتی محاذ پر پاکستان کی ایک اور بڑی کامیابی ہوئی ہے کہ پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس نیویارک میں شروع ہوگیا۔ اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی سے پیدا صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ سلامتی کونسل کے 15 اراکین بشمول 5 مستقل ارکان اجلاس میں شریک ہیں۔ وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی زیر نگرانی پاکستانی مشن پوری تیاری کے ساتھ پاکستان کا مقدمہ پیش کرے گا۔ پاکستان رکن ممالک کو بھارت کی اشتعال انگیز بیانات اور امن کو خطرے میں ڈالنے والے اقدامات سے آگاہ کرے گا۔مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد، سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی اقدام پراراکین کو بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان،کشمیر تنازع اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی طرف بھی توجہ دلائے گا۔ پاکستان سلامتی کونسل سے مطالبہ کرے گا کہ وہ علاقائی امن کو لاحق خطرات کا نوٹس لے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔




