اگست 27, 2026

گیس پائپ لائن پھٹنے سے 100 سے زائد افراد زخمی

ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے مضافات میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے آگ لگ گئی، حادثے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق عید کے دوسرے روز کوالالمپور کے قریب پوترا ہائٹس میں گیس اسٹیشن کے قریب گیس کی لائن پھٹنے سے ہر طرف آگ پھیل گئی،آگ سے کم از کم 49 مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور 112 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 63 کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائیشیا کی قومی تیل کمپنی پیٹروناس نے اپنے بیان میں کہا کہ متاثرہ گیس پائپ لائن کو الگ کرکے آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ سیلنگور کے وزیراعلیٰ امیر الدین شری نے کہا کہ فائر ڈپارٹمنٹ نے حفاظتی اقدام کے طور پر قریبی گھروں کو خالی کرادیا ہے، حالات قابو میں آنے تک رہائشیوں کو قریبی مساجد میں رکھا جائے گا۔