بھارتی ٹیلی کام کمپنی نے اسپیس ایکس سے بھارت میں اسٹارلنک انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا معاہدہ کر لیا۔ اسٹار لنک کی لائسنس درخواست ابتدائی منظوری کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ بھارتی ٹیلی کام کپمنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسپیس ایکس کو بھارت میں اسٹار لنک کی فروخت کے لیے ضروری اجازت نامے حاصل کرنا ہوں گے جس کے بعد یہ معاہدہ نافذ العمل ہوگا۔ بھارتی کمپنی اور اسپیس ایکس مل کر اسٹار لنک کے آلات کو ریٹیل دکانوں میں متعارف کرانے، کاروباری صارفین کے لیے اسٹار لنک سروس فراہم کرنے اور دیہی علاقوں میں مقامی آبادیوں، سکولوں اور طبی مراکز کو انٹرنیٹ فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔ سپیس ایکس کی چیف آپریٹنگ آفیسر گوین شوٹویل نے اپنے بیان میں کہا کہ اسپیس ایکس بھارتی کمپنی کے ساتھ کام کرنے اور سٹار لنک سے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے پُرجوش ہے۔ بھارت میں ایلون مسک کے موجودہ کاروباری مفادات فی الحال صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس تک محدود ہیں، تاہم ان کی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا جلد ہی بھارتی مارکیٹ میں قدم رکھنے والی ہے۔ گزشتہ ماہ ٹیسلا نے بھارت میں ملازمتوں کے اشتہارات دیے تھے جو کہ وزیر اعظم مودی اور ایلون مسک کی ملاقات کے چند دن بعد سامنے آئے تھے۔




