انڈین ریاست آندھرا پردیش کے وزیراعلٰی اور تلگودیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے صدر چندرابابو نائیڈو کی جانب سے لوگوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینے کے تناظر میں، وجیا نگرم سے پارٹی کے رکن اسمبلی کالیسیٹی اپالا نائیڈو نے تیسرا پیدا کرنے والی خواتین کو فی کس 50 ہزار انڈین روپے دینے کی پیشکش کی ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق کالیسیٹی اپالا نائیڈو نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ جو خاتون لڑکے کو جنم دے گی، اسے ایک گائے دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تنخواہ سے یہ انعام دیں گے۔ریاستی اسمبلی کے رکن کی یہ پیشکش انڈیا کے سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور ٹی ڈی پی کے رہنما اور کارکن اسے ری پوسٹ کر رہے ہیں۔تلگودیشم قائدین کے مطابق ان کی پیشکش کو خواتین نے انقلابی قرار دیا ہے۔ آندھرا پردیش کے وزیراعلٰی نے بھی اس اعلان پر رکن اسمبلی کی تعریف کی ہے۔کالیسیٹی اپالا نائیڈو نے یہ اعلان سنیچر کو وجیا نگرم کے راجیو سپورٹس کمپاؤنڈ میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ میٹنگ میں کیا۔آندھرا پردیش کے وزیراعلٰی نے سنیچر کو اعلان کیا کہ تمام خواتین ملازمین کو بچے کی پیدائش کے وقت زچگی کی چھٹی دی جائے گی، چاہے ان کے بچے کتنے بھی ہوں۔




