وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنائاللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمیشہ امریکا سے تعاون کیلئے تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنائاللہ خان نے امریکی سفارتخانے کے پولیٹیکل کاؤنسلر زیک ہارکنرائیڈر سے ملاقات کی، اس ملاقات میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ امریکہ تاریخی طور پر پاکستان کا اسٹریٹجک پارٹنر رہا ہے، پاکستانی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے لئے انتہائی مطلوب دہشت گرد کی گرفتاری باعث فخر لمحہ ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں، پاکستان کے سیکیورٹی اہلکاروں اور عوام کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور نے مزید کہا کہ پاکستان خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمیشہ امریکا سے تعاون کے لیے تیار ہے، اب پاکستان کی معیشت اور خارجہ تعلقات مستحکم ہو رہے ہیں،پاکستان امریکہ کے ساتھ عوامی روابط پر مبنی خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔




