انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے ٹیسٹ اور ٹی 20رینکنگ جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم نے پانچ درجے بہتری کے بعد 12ویں پوزیشن حاصل کرلی جبکہ محمد رضوان دو درجے ترقی کے بعد 19ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے 12 درجے کی ترقی کے ساتھ 45ویں نمبر پر جگہ بنائی جبکہ سعود شکیل چھ درجے نیچے جاکر گیارھویں اور عبداللہ شفیق دو درجے تنزلی کے بعد 53ویں نمبر پر آگئے۔ پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار بلے بازی کرنے والے جنوبی افریقہ کے چار بلے بازوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں بہتری آئی۔ ٹیمبا باوما تین درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے جبکہ ریان رکیلٹن نے 48 درجے کی چھلانگ لگائی اور 55ویں نمبر پر پہنچ گئے اور کائل ویرین نے چار درجے بہتری کے ساتھ 24ویں پوزیشن حاصل کی۔ بھارت کے رشبھ پنت نے ٹیسٹ بلے بازوں کی ٹاپ ٹین میں اپنی جگہ دوبارہ حاصل کی اور تین درجے آگے بڑھ کر نویں نمبر پر آ گئےاور انگلینڈ کے جوروٹ کی پہلی پوزیشن اور ہیری بروک کی دوسری پوزیشن برقرار رہی جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے اور بھارت کے یشوی جیسوال چوتھے نمبر پر ہیں۔ ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ پیٹ کمنز اور کاگیسوربادا نے ایک ایک درجے ترقی کے بعد دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کیاور نعمان علی دو درجے نیچے جاکر گیارہویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ٹی 20 رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی پہلی پوزیشن برقرار رہی جبکہ بابر اعظم نے ایک درجے بہتری کے بعد چھٹے نمبر پر جگہ بنائی، جبکہ ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین کی پہلی پوزیشن قائم ہے۔