مدینہ منورہ میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری،سردی کی شدت میں اضافہ

سعودی عرب میں مدینہ منورہ سمیت ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے،مسجد نبویؐ میں بھی باران رحمت خوب جم کر برسی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ مدینہ منورہ اور ملحقہ علاقوں میں کالی گھٹائیں خوب جم کر برسیں،تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث صحرائی علاقے زیر آب آگئے،متعدد علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ مسجد نبویؐ میں بھی باران رحمت خوب جم کر برسی،گنبد خضریٰ پر برسنے والی بارش کی بوندوں نے دل کو مو لینے والا منظر پیش کیا،زائرین نے بارش کے دوران اللہ کے حضور دعائیں مانگیں۔ بارش کے باعث مدینہ منورہ اورگردونواح میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات نے آج جدہ اور مکہ مکرمہ میں بھی موسلادھار بارش کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کر رکھا ہے۔