دسمبر 9, 2025

طیارہ حادثے پر روس کی معذرت کے بعد آذربائیجان کے صدر کا سخت جوابی بیان

قازقستان میں آذربائیجان کے طیارہ حادثے کے حوالے روس کے صدر ویلادیمیر پوٹن کی معذرت کے بعد آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے بھی بیان جاری کردیا اور روس پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔ غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ حادثے کے شکار طیارے کو روس کی سرزمین سے ہونے والی فائرنگ سے نقصان پہنچا۔آذربائیجان کے نشریاتی ادارے کے مطابق صدر الہام علیوف نے کہا کہ 38 افراد کی زندگیاں چھیننے والے الم ناک حادثے کا شکار طیارہ روس کی طرف سے ہونے والی فائرنگ کا نشانہ بنا۔انہوں نے کہا کہ اس بات پر افسوس ہے کہ روس میں چند حلقوں نے آذربائیجان کے مسافر طیارے کے حادثے سے متعلق حقائق چھپانے کی کوشش کی اور حادثے کی وجوہات پر جھوٹا بیانیہ پیش کیا۔قبل ازیں ہفتے کو روس کے صدر ویلادیمیر پوٹن نے الہام علیوف کو فون کرکے طیارہ حادثے پر معذرت کی تھی اور روس کی سرزمین پر طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ آذربائیجان کے طیارہ حادثے پر یوکرین اور امریکی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ روسی ایئرڈیفنس کی فائرنگ سے طیارہ گرکر تباہ ہوگیا ہے اور اسی طرح کا بیان آذربائیجان کے حکام کی طرف سے بھی آیا تھا۔ دوسری جانب روس نے اس تاثر کو رد کیے بغیر اس سے قبل از وقت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس حوالے سے انکوائری کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔