جو روٹ نے لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد کا ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا

کراچی:انگلش بیٹسمین جو روٹ نے پاکستان کے سابق لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔انگلینڈ کے مایہ ناز بیٹسمین جو روٹ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ منگل کو نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز انجام دیا۔جو روٹ نے نیوزی لینڈ کیخلاف 40 اننگز کھیل کر 1925 رنز بنائے ہیں، اس سے قبل جاوید میانداد 1919 رنز کے ساتھ نیوزی لینڈ کیخلاف سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔جو روٹ بھارت کے خلاف سب سے زیادہ 2846 کے ساتھ سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں، انہوں نے پاکستان کے خلاف 2911 اور بنگلا دیش کے خلاف 1816 ٹیسٹ رنز بنائے ہیں۔جو روٹ کے پاس نیوزی لینڈ میں کسی بھی مہمان کھلاڑی کی طرف سے سب سے زیادہ 8 نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی ہے۔دریں اثنا تیسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 423 رنز سے شکست دے دی۔ اس میچ میں کیوی کھلاڑی ٹم ساؤتھی نیوزی لینڈ کے لیے اپنا الوداعی ٹیسٹ کھیل رہے تھے، ابتدائی دو میچز جیت کر انگلینڈ نے پہلے ہی سیریز اپنے نام کرلی تھی۔یہ ایک کیلنڈر ایئر کے دوران 400 سے زیادہ رنز سے انگلینڈ کی دوسری شکست ہے، اس سے قبل انگلینڈ کو فروری میں بھارت کے ہاتھوں 434 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔