دسمبر 8, 2025

آئرلینڈ کی اپوزیشن جماعت کی خاتون سربراہ نے الیکشن کے روز بچی کو جنم دیا

آئرلینڈ کی اپوزیشن جماعت سوشل ڈیموکریٹس پارٹی کی سربراہ ہولی کیرنز نے ملک میں عام انتخابات کے دوران پولنگ کے روز بچی کو جنم دے دیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق آئرلینڈ کی سوشل ڈیموکریٹس پارٹی کی سربراہ 35 سالہ ہولی کینز نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ میں اپنی تصویر جاری کی اور اپنی نومولود بچی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں ہیں،ہولی کینز آئرلینڈ کے کورک ساؤتھ ویسٹ حلقے سے دوبارہ الیکشن لڑ رہی ہیں اور رواں ہفتے کے شروع میں آئرش ٹائمز اور ایپسوس بی اینڈ اے کے جاری کردہ پولز کے نتائج کے مطابق ان کی جماعت ملک کی چوتھی مقبول ترین جماعت ہے۔ آئرلینڈ کی پارلیمنٹ میں انہوں نے اپنے حمل کے دوران قائد حزب اختلاف کا کردار بخوبی نبھایا لیکن انتخابی مہم کے دوران کئی مواقع پر ان کے نائب سیان او کیلیگان نے پارٹی کی نمائندگی کی،ان کی عدم دستیابی کے باعث ڈپٹی لیڈر نے ٹیلی ویژن میں نشر ہونے والے مکالموں میں بھی ان کے متبادل کے طور پر حصہ لیا،سوشل ڈیموکریٹس پارٹی کی رکن اور ان کی ساتھی جنیفر وائٹمور نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے ساتھ بچے ہوتے ہیں اور ہمیں ان کے ساتھ تعاون کرنا ہے،ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ سیاست میں زیادہ خواتین حصہ لیں تو ہمیں ان کا ساتھ دینا ہوگا۔