امیر جماعت اسلامی حافط نعیم الرحمان نے بھی پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کہا جو جیتاہے اسے جیتنے دو، ہارنے والوں کو مسلط نہ کرو ، کراچی مئیر سے لے کر عام انتخابات تک فارم 47 کی پیداوار نمائندوں کو مسلط کیا گیا،عوام کے جمہوری حقوق پر ڈاکہ ماراگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح ہے کہ موجودہ حکومت فارم 47 کی جعلی حکومت ہے ،عام انتخابات میں تحریک انصاف کو کم از کم دو تہائی اکثریت ملی ہے،ہنگامی بنیادوں پر جوڈیشل کمیشن بناکر فارم 45 کی بنیاد پر عوام کی اصل منتخب کردہ حکومت لائی جائے،انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے،26ویں آئینی ترمیم کالعدم قراردی جائے،تشدد کی راہ اپنانے والے خود اپنی قبر کھود رہے ہیں۔