یوگنڈا میں چرچ پر آسمانی بجلی گرنے سے بچوں سمیت 14 افراد ہلاک، 34 زخمی ہوگئے جبکہ پیرو میں فٹبال میچ کے دوران ایک کھلاڑی آسمانی بجلی گرنے سے دم توڑ گیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ یوگنڈا کے شمال مغرب میں پالابیک مہاجر کیمپ میں پیش آیا جو اس وقت 80ہزار سے زائد پناہ گزینوں کا مسکن ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پالابیک مہاجر کیمپ کے متاثرین 2 روز قبل چرچ میں مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف تھے کہ تیز بارش اور بجلی کڑکنا شروع ہوگئی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق اس دوران آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں14 افراد ہلاک جبکہ 34 زخمی ہوگئے۔ یوگنڈا پولیس ترجمان کا بتانا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 13 بچے شامل ہیں جبکہ ایک نوجوان کی عمر 21 سال تھی، بچوں کی صحیح عمریں معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔ یاد رہے کہ 4 سال قبل شمال مغربی یوگنڈا کے شہر اروا میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 10 بچے ہلاک ہو گئے تھے۔ دوسری طرف پیرو میں فٹ بال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک کھلاڑی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق فٹ بال میچ مقامی ٹیموں کے درمیان میچ جاری تھا، طوفان کے باعث میچ روک دیا گیا رپورٹ کے مطابق جب کھلاڑی گراؤنڈ سے باہر آرہے تھے کہ اس دوران آسمانی بجلی گرگئی جس سے ایک کھلاڑی ہلاک ہوگیا۔ زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا، جبکہ ایک فٹبالر کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔