سی آئی اے نے غزہ میں 28 دن کی جنگ بندی کیلیے نئی تجویز دیدی

امریکی خفیہ انٹیلی جنس ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر بیل بیرنز نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے ایک نئی تجویز اپنے اسرائیلی اور قطری ہم منصبوں کے ساتھ ایک میٹنگ میں پیش کردی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر بیل بیرنز نے دوحہ میں قطری وزیرِاعظم محمد بن عبدالرحمان آل ثانی اور موساد کے ڈائریکٹر ڈیوڈ بارنیا سے بھی ملاقات کی تھی۔امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر نے 8 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں 28 روزہ جنگ بندی اور درجنوں فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی تجویز رکھی۔ توقع ہے کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر کی جنگ بندی تجویز پر قطری اور مصری مذاکرات کار آئندہ چند دنوں میں حماس کے ذمے داران کے ساتھ ملاقات میں انھیں راضی کرنے کی کوشش کریں گے۔تاہم اس تجویز میں حماس کے رضامند ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیوں کہ حماس کے اسرائیلی فوج کے غزہ سے انخلا کے مرکزی مطالبے کو اس تجویز میں شامل نہیں کیا گیا۔یاد رہے کہ حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کرکے 250 فوجی اور شہریوں کو یرغمال بناکر غزہ لے گئے تھے جن میں سے 50 قیدی اب تک یرغمال ہیں۔