اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ملک کو خونریزی سے بچانے اور امن و امان کی خاطر بڑے فیصلہ کرتے ہوئے گرفتاری دی۔ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کو 11 گھنٹوں سے زائد ٹھوکر کے مقام پر محصور رکھا گیا، لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمٰن کا راستہ روکا، مولانا فضل الرحمٰن سرگودھا میں جلسے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔اسلم غوری کے مطابق ڈی آئی جی لاہور نے مولانا فضل الرحمٰن کو واپس گھر جانے کا مشورہ دیا جسے انھوں نے مسترد کر دیا، بعد ازاں سی سی پی او لاہور آئے اور انہوں نے انہیں گرفتار کرنے کے احکامات سے آگاہ کیا۔ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے حکومتی عزائم کو بھانپتے ہوئے کارکنوں اور حکومتی ٹکراؤ کے بجائے گرفتاری کو ترجیح دی، قائد جمعیت نے ملک کو تشدد اور انتشار سے بچانے کے لیے اپنی گرفتاری دی۔اسلم غوری نے کہا کہ پارٹی کارکنان 10 گھنٹوں سے ملک بھر کی شاہراہوں پر دھرنا دیے بیٹھے تھے، کارکنان اور عوام کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظرر حالات سنگین ہو رہے تھے، اس لیے مولانا فضل الرحمٰن نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرفتاری کا فیصلہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی رکاوٹوں کے باعث لاہور کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، قومی و صوبائی شاہراہیں بند رہیں، ہم پورے ملک اور قوم کے شکر گزار ہیں، عوام کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں، ہماری تحریک اور جدوجہد بدستور جاری رہے گی۔اسلم غوری نے اعلان کیا کہ آج بعد نمازِ جمعہ ملک بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، مولانا خواجہ خلیل احمد نے قائم مقام مرکزی امیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ترجمان جے یو آئی کے مطابق پارٹی کے سابقہ فیصلوں اور مولانا فضل الرحمٰن کے بیانیے کے مطابق تحریک جاری رہے گی، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان پارٹی قیادت باہمی مشاورت کے بعد کرے گی۔دوسری جانب، پولیس ذرائع کے مطابق سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن کو گرفتار یا نظر بند نہیں کیا۔




