راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 16 اور 17 نومبر کو مختلف آپریشنز کے دوران کی گئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 15 ارکان ہلاک ہوگئے۔علاوہ ازیں بنوں ضلع میں بھی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 2 الگ الگ جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانوں کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے مزید 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔اسی طرح ٹانک میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔سیکیورٹی فورسز کی تینوں اضلاع میں مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ عناصر علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے امکانات ختم کرنے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تاکہ ملک میں غیر ملکی معاونت اور سرپرستی سے سرگرم دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔
صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا فورسز کو خراج تحسین
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے 22 خوارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔




