پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے (IWT) کو یکطرفہ اورغیر قانونی طور پر معطل کرنے کے اقدام اور پاکستان کی طرف آنے والے دریاؤں کا پانی روکنے کی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشترکہ قدرتی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی، 24 کروڑ سے زائد افراد کے روزگار اور فلاح و بہبود کے لیے خطرہ اور علاقائی امن و استحکام کے منافی ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ملک لائبیریا کے زیر اہتمام ’’قدرتی وسائل اور تنازعات: روک تھام اور امن کے لیے تعاون کا فروغ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ آریا فارمولا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب، سفیر عثمان جدون نے کہا کہ مستقل ثالثی عدالت نے 31 اگست 2026ء کے اپنے فیصلے میں اس بات کی توثیق کی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور بھارت اس کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا پابند ہے۔انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ملک کو مشترکہ قدرتی وسائل کو بین الاقوامی قانون اور معاہداتی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دباؤ ڈالنے یا سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سلامتی کونسل کی قرارداد 2788 کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر عثمان جادون نے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 33 کے تحت تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت اجاگر کی، بالخصوص پانی سمیت مشترکہ سرحد پار قدرتی وسائل کے انتظام کے حوالے سے۔قدرتی وسائل اور تنازعات کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل کو استحصال اور تنازعات کا ذریعہ بنانے کے بجائے پائیدار ترقی، مشترکہ خوشحالی اور امن کے فروغ کے لیے بروئے کار لایا جانا چاہیے۔افریقی ممالک کی جانب سے اپنے قدرتی وسائل پر خودمختار اختیار کے حصول کی جدوجہد کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے نائب مستقل مندوب نے کہا کہ بیرونی مداخلت، وسائل کا غیر قانونی استحصال، سیاسی محرومی، کمزور ادارے اور اشرافیہ کی جانب سے وسائل کی دولت پر اجارہ داری اکثر قدرتی وسائل کو تنازعات کا سبب بنا دیتی ہے۔ انہوں نے جمہوریہ کانگو کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں معدنی وسائل کی بے پناہ دولت عوام کی خوشحالی کے بجائے تنازعات کے تسلسل کا سبب بنی ہوئی ہے۔سفیر عثمان جادون نے قدرتی وسائل سے متعلق تنازعات کی روک تھام کے لیے تین اہم ترجیحات کی نشاندہی کی۔ ان میں تنازعات کی بنیادی سیاسی اور انتظامی وجوہات کا حل، جامع سیاسی مفاہمت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم؛ وسائل کی غیر قانونی ترسیل اور تنازعات کی مالی معاونت روکنے کے لیے سپلائی چین میں شفافیت، ذمہ دارانہ خریداری اور عالمی تعاون کا فروغ؛ اور ترقی پذیر وسائل سے مالا مال ممالک کو سرمایہ کاری، مقامی سطح پر پیداوار و پراسیسنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور اضافی قدر کے حصول سے مستفید کرنے کو یقینی بنانا شامل ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ قدرتی وسائل کا انتظام اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور قدرتی وسائل پر مستقل خودمختاری کے اصول کے مطابق ہونا چاہیے، جسے جنرل اسمبلی کی قرارداد 1803 میں بھی تسلیم کیا گیا ہے۔اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کا مشترکہ مقصد قدرتی وسائل کو استحصال، عدم مساوات اور تنازعات کے بجائے تعاون، مشترکہ خوشحالی اور پائیدار امن کا ذریعہ بنانا ہونا چاہیے۔
بھارتی نمائندے کے ریمارکس پر فرسٹ سیکرٹری انصار شاہ کا حقِ جواب
اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کے آریا فارمولا اجلاس میں بھارتی نمائندے کے ریمارکس پر فرسٹ سیکریٹری انصار شاہ نے حقِ جواب پر’قدرتی وسائل اور تنازعات: روک تھام اور قیامِ امن کے لیے تعاون کا فروغ‘ کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کی جانب سے حقائق سے توجہ ہٹانے اور انکار کی روایتی روش، نیز بے بنیاد الزامات اور محض بیان بازی کے ذریعے معاملے کو الجھانے کی کوششوں کا جواب دینے پر مجبور ہیں۔
انصار شاہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی صریح خلاف ورزی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ یہ دو ہمسایہ ممالک کے درمیان ایک پابند بین الاقوامی معاہدہ ہے، لیکن اب اس کا ایک فریق یکطرفہ طور پر اسے ’’معطل‘‘ کرنے کا حق جتلا رہا ہے۔ معاہدے میں یکطرفہ طور پر اس نوعیت کا کوئی اقدام کرنے کی قطعاً کوئی گنجائش موجود نہیں۔
فرسٹ سیکرٹری انصار شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بار بار یہ مؤقف اختیار کرتا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ 1960ء میں طے پایا تھا اور ’’دنیا بدل چکی ہے‘‘۔ اقوام متحدہ کا منشور تو اس سے بھی پرانا ہے، جسے نافذ ہوئے 81 برس گزر چکے ہیں۔ کیا بھارت کے نزدیک وہ بھی فرسودہ ہو چکا ہے؟ جموں و کشمیر کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کو مسلسل نظرانداز کرنے کے بھارتی طرزِ عمل کو دیکھتے ہوئے تو ایسا ہی محسوس ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نو لاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے۔ 1989ء سے اب تک بھارتی قابض افواج ایک لاکھ سے زائد کشمیری مردوں، خواتین اور بچوں کو شہید کر چکی ہیں۔ بھارت کشمیری عوام کے بین الاقوامی قانون کے تحت تسلیم شدہ بنیادی حقوق مسلسل سلب کر رہا ہے اور انہیں حقِ خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے، جو ان کا ناقابلِ تنسیخ حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا وفد بھارتی مستقل مندوب کی جانب سے پاکستان کے داخلی معاملات پر کیے گئے غیر سنجیدہ اور انتہائی نامناسب ریمارکس کو بھی مسترد کرتا ہے۔
انصار شاہ نے خطاب میں واضح کیا کہ پاکستان ایک قانون پسند، امن دوست ملک اور اقوام عالم کی برادری کا ایک ذمہ دار رکن ہے۔ ہم قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان ایک متحرک اور مستحکم جمہوریت ہے، جہاں شہریوں کو اپنے رہنما منتخب کرنے، اپنے نظامِ حکمرانی کا تعین کرنے اور اپنے بنیادی حقوق و آزادیوں کے استعمال کا مکمل اختیار حاصل ہے۔
تاہم یہ تصورات آج بھارت کے لیے اجنبی دکھائی دیتے ہیں، جہاں ایک انتہا پسند اور فسطائی ہندوتوا نظامِ حکومت کا غلبہ ہے، جو اقلیتوں کے خلاف امتیاز کو فروغ دیتا ہے، آزادیٔ اظہار کو دباتا ہے، نفرت انگیزی کو ہوا دیتا ہے اور اپنی سرحدوں کے اندر اور باہر پُرامن بقائے باہمی کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ بھارت اپنی پروپیگنڈا مشینری اور ’’گودی میڈیا‘‘ کے ذریعے اپنے عوام کو گمراہ کر سکتا ہے، لیکن عالمی برادری کو دھوکہ نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے لیے بہتر یہی ہوگا کہ وہ اپنی رعونت اور خود ساختہ بیانیے کے خمار سے باہر نکلے، بین الاقوامی قانون اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے اصولوں کی پاسداری کرے، بین الاقوامی معاہدوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی قانونی ذمہ داریوں کو پوری دیانت داری سے نبھائے اور اپنے تمام شہریوں، بالخصوص اقلیتوں کے حقوق اور آزادیوں کا تحفظ یقینی بنائے۔
فرسٹ سیکرٹری نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کا اصل معاملہ بالکل واضح ہے۔ بھارت یکطرفہ طور پر یہ طے کرنے کا اختیار حاصل کرنا چاہتا ہے کہ کوئی معاہدہ کب نافذ العمل ہوگا، کب نہیں ہوگا اور اس کی تشریح میں کون سی نئی شرائط شامل کی جائیں گی۔ یہ معاہدوں کا قانون نہیں بلکہ قانون شکنی ہے۔
انہوںنے کہا کہ 240 ملین سے زائد پاکستانیوں کی زندگیوں اور روزگار کے لیے ناگزیر پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا کوئی ’’ازسرِنو جائزہ‘‘ نہیں بلکہ جبر اور دباؤ کا حربہ ہے، جو تنازع کے حالات کو جنم دیتا ہے۔ آخر میں انہوں نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔




