جنوبی افریقا کے نوجوان بلے باز لوہانڈرے پریٹوریئس نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کرس گیل کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی۔پریٹوریئس نے سی ایس اے ٹی ٹوئنٹی چیلنج میں ٹائٹنز کی جانب سے نائٹس کے خلاف صرف 79 گیندوں پر ناقابلِ شکست 188 رنز بنا ڈالے۔وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 200 رنز مکمل کرنے سے محض 12 رنز دور رہے۔ 20 سالہ اوپنر نے اپنی اننگز میں 13 چھکے اور 15 چوکے لگائے۔انہوں نے 24 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جبکہ اگلی صرف 16 گیندوں میں سنچری تک پہنچ گئے۔ پریٹوریئس نے 58 گیندوں پر 150 رنز مکمل کیے۔اس کارکردگی کے ساتھ انہوں نے کرس گیل کا 2013 میں رائل چیلنجرز بنگلورو کی جانب سے بنایا گیا 175 ناٹ آؤٹ کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔پریٹوریئس کی دھواں دار اننگز کی بدولت ٹائٹنز نے 267 رنز بنائے جو مقابلے کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعہ ہے۔وہ اس سیزن کا اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے اور ستمبر میں زمبابوے اور نمیبیا کے خلاف بھی 94 اور 101 رنز کی اننگز کھیل چکے ہیں۔




