ستمبر 30, 2026

سیکیورٹی فورسز کی عزم استحکام ویژن کے تحت شمالی وزیرستان میں کارروائی، 3 خوارج جہنم واصل

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 3 خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ تھی۔آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے میر علی اور گردونواح میں فتنۃ الخوارج کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے میر علی بازار کے قریب راشن سے لدے ٹرک کو روکنے کی کوشش بھی کی گئی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری رکھتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق کارروائیوں کا مقصد خطے میں پائیدار امن اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے 3 دہشت گردوں کی ہلاکت اور ان سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہا۔شہباز شریف نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔