ستمبر 29, 2026

خوراک کی شیلف لائف صارفین کے خریداری کے فیصلوں پر اثر انداز قرار

ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ صارفین اکثر کھانے کی اشیا کی شیلف لائف کو ان کی قدرتی اور ماحول دوست ہونے کی علامت سمجھ لیتے ہیں حالانکہ شیلف لائف ہمیشہ اس بات کا قابلِ اعتماد پیمانہ نہیں ہوتی۔جرنل آف کنزیومر سائیکالوجی میں شائع ہونے والی تحقیق کے دوران مختلف تجربات کیے گئے۔ایک تجربے میں شرکا کو ایسے آلو کے چپس کا موازنہ کرنے کو کہا گیا جن کی شیلف لائف بالترتیب پانچ اور نو ماہ تھی۔ شرکا نے کم شیلف لائف والے چپس کو زیادہ قدرتی اور صحت بخش قرار دیا جبکہ زیادہ شیلف لائف والے چپس کو ماحول دوست اور خوراک کے ضیاع میں کمی کے لیے بہتر سمجھا۔ایک اور تجربے میں شرکا کو ایسی پاستا ساسز میں سے انتخاب کرنا تھا جن کی شیلف لائف ایک اور تین سال تھی۔ جب انہیں قدرتی غذاؤں کی اہمیت پر توجہ دلائی گئی تو تقریباً 70 فی صد افراد نے ایک سال شیلف لائف والی ساس کا انتخاب کیا۔ تاہم، جب ماحول کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کی گئی تو یہ شرح کم ہو کر 43 فی صد رہ گئی۔محققین کے مطابق نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ صارفین بعض اوقات شیلف لائف کو خوراک کی قدرتی خصوصیات اور ماحولیاتی اثرات کے بارے میں ایک سادہ اشارے کے طور پر استعمال کرتے ہیں، جو ہمیشہ درست نتیجے تک نہیں پہنچاتا۔