کراچی: میر رضا علی کے قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کی مدت ختم ہوگئی جس کے بعد کارروائی 2 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں کمیشن نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کی مدت گزشتہ روز ختم ہو چکی ہے، کمیشن کی جانب سے مدت میں 15 اکتوبر تک توسیع کی درخواست سندھ حکومت کو ارسال کی گئی تھی۔فوکل پرسن سندھ حکومت نے آگاہ کیا کہ کمیشن کی مدت میں توسیع کی سمری وزیر اعلیٰ نے منظور کی ہے اور وزیر اعلیٰ نے سمری سندھ کابینہ کو فیصلے کے لیے ارسال کر دی ہے۔تحریری حکم نامے کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس یکم اکتوبر کو متوقع ہے اور مناسب ہے کمیشن کے کارروائی 2 اکتوبر تک ملتوی کر دی جائے۔ اگر سندھ کابینہ نے کمیشن کے مدت میں توسیع نہ کی تو مزید گواہان کو طلب نہیں کیا جائے گا، اس صورت میں اب تک ریکارڈ کیے گئے بیانات کی بنیاد پر رپورٹ جلد جمع کروائی جائے گی۔مدت میں توسیع کی صورت میں گواہان کو نئے نوٹسز جاری کیے جائیں گے، 3 سینیئر پولیس افسران کو بھی سوالنامے ارسال کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن ایک ماہ کے لیے تشکیل دیا گیا تھا اور اس کی مدت 27 ستمبر کو ختم ہوچکی ہے




