عراق کے نجف انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایران سے آنے اور ایران جانے والی تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق پروازوں کی معطلی جمعہ 25 ستمبر کو مقامی وقت کے مطابق رات 2 بجے سے نافذ ہوئی اور تاحکمِ ثانی جاری رہے گی۔ایئرپورٹ انتظامیہ نے متعلقہ ایئرلائنز اور فلائٹ آپریشنز سے وابستہ اداروں کو متاثرہ پروازوں سے متعلق سرگرمیاں روکنے کی ہدایت کی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پروازیں دوبارہ شروع کرنے سے متعلق نئی ہدایات جاری ہونے پر متعلقہ فضائی کمپنیوں کو آگاہ کردیا جائے گا۔یہ پیش رفت بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں روکنے کے بعد سامنے آئی ہے۔ عراق نے بدھ سے بغداد ایئرپورٹ پر ایرانی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جبکہ اس سے قبل عراقی حکام ایرانی پروازوں کو بغداد سے نجف منتقل کرنے پر غور کر رہے تھے۔پروازوں کی معطلی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا نے ایرانی ایئرلائنز کے خلاف پابندیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ان اداروں کو بھی پابندیوں کی دھمکی دی ہے جو ایرانی فضائی کمپنیوں کو ایندھن، لینڈنگ یا دیگر ہوائی اڈے کی خدمات فراہم کریں۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا تھا کہ ایرانی ایئرلائنز کے ساتھ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔نجف ایئرپورٹ ایران اور عراق کے درمیان فضائی رابطے کے لیے اہم ہے، خصوصاً ایرانی زائرین کے لیے جو نجف کے علاوہ کربلا کے مذہبی مقامات کا سفر بھی کرتے ہیں۔ اس لیے پروازوں کی تازہ معطلی سے ایران اور عراق کے درمیان فضائی سفر اور زائرین کی آمدورفت متاثر ہونے کا امکان ہے۔اس سے قبل ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی بتایا تھا کہ بغداد اور مسقط کے لیے بعض ایرانی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، جبکہ دیگر بین الاقوامی روٹس پر پروازیں جاری رکھنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ نجف ایئرپورٹ کی تازہ بندش کے بعد ایرانی فضائی کمپنیوں کے لیے خطے میں دستیاب بین الاقوامی روٹس مزید محدود ہوگئے ہیں۔




