اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج سے نمٹنے کی تیاریاں جاری ہیں جب کہ شہراقتدار میں کنٹینر ہی کنٹینر لگادیے گئے ہیں اوراسلام آباد کو خیبرپختونخوا سے ملانے والا پہاڑی راستہ بھی بند کردیا گیا ہے۔ذرائع نے کہا کہ مارگلہ کے پہاڑوں سے اترنے والی پگڈنڈیوں پر بھی پولیس نفری تعینات کرنے کا پلان ہے جب کہ مارگلہ روڈ، سرینگر ہائی وے، ایکسپریس ہائی وے کولنک کرنیوالی سڑکوں پر بھی کنٹینر پہنچا دئیے گئے۔اس کے علاوہ 26نمبر چونگی، فیض آباد، ٹی چوک روات پر کنٹینروں کی بڑی تعداد پہنچا دی گئی۔ادھر این فائیو اٹک خورد پل پر کنٹینرز کے بعد سڑک پر ویلڈ ہوئی نوک دار کیلوں کی بڑی پلیٹوں کی تنصیب بھی جاری ہے، نوک دار کیلوں کی بڑی پلیٹوں پر تنصیب سے مزکورہ مقامات سے وہیکلز کا گزرنا ممکن نہیں ہوسکے گا۔یاد رہے صرف اٹک میں مجموعی طور پر تیس ہزار سے زائد پولیس فورس تعینات ہے۔اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے بڑے بڑے کنٹینرز رکھ کر خیبرپختونخوا اور پنجاب کے آنے جانے کے راستے بند کردیے ہیں۔خیبرپختونخوا اور پنجاب سے پشاور اور اسلام آباد ایئرپورٹوں سے بیرون ممالک جانے والے مسافروں اور ہسپتالوں جانے والے مریضوں آذیت ناک صورتحال کا سامناکرنا پڑا اور بیرون ممالک مسافر سفر کرنے سے محروم رہ گئے۔دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم اٹک پہنچ گئے، آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا بھی آئی جی پنجاب کے ہمراہ موجود تھے۔ آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم اور آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے موٹر وے ایم ون پر پتھر گڑھ کٹی پہاڑی ، غازی بروتھا ،ہزارہ موٹر وے پر سیلنگ و بلاکنگ پوائنٹس کا جائزہ لیا، آئی جی پنجاب نے این فائیو اٹک خود پل کا بھی جائزہ لیا۔آئی جی پنجاب اور آر پی او راولپنڈی اٹک شہر کے اندربھی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، دورے کے موقع پر دیگر سینئر پولیس و انتظامی حکام بھی موجود ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر فیض آباد کی حدود میں واقع تمام ہوٹلز بند کرا دیے گئے، جبکہ ریسٹورنٹس اور دکانداروں کو بھی آج شام تک دکانیں بند کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق فیض آباد پر تمام مسافر خانے اور ٹرانسپورٹ اڈے بھی آج رات سے بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ فیض آباد کے گردونواح میں تمام ہاسٹلز کو بھی آج رات تک خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور ہاسٹلز مالکان سے حلف نامے طلب کرلیے گئے ہیں، تمام مالکان متعلقہ پولیس اسٹیشن میں حلف نامے جمع کرائیں گے۔ حلف ناموں میں مالکان گارنٹی دیں گے کہ ان کی کمرشل عمارتیں مکمل طور پر خالی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق کل شام تک حلف نامہ جمع نہ کرانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔




