مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے مکمل طور پر تیار کیا گیا کامیڈی سِٹ کام نو بِگ ڈِیل یوٹیوب پر ریلیز کر دیا گیا ہے، جسے برطانوی اے آئی اسٹوڈیو ModeLabs.ai نے تیار کیا ہے۔اینڈریو ڈکسن کی تحریر کردہ یہ سِٹ کام وینچر کیپیٹل کی ہنگامہ خیز دنیا کی کہانی بیان کرتا ہے، جہاں سرمایہ کاری فرم جینَس کی ایک غیر معمولی ٹیم اربوں پاؤنڈ مالیت کے کاروباری آئیڈیا کی تلاش میں رہتی ہے لیکن ان کی زیادہ تر کوششیں مزاحیہ اور تباہ کن نتائج پر ختم ہوتی ہیں۔اینڈریو ڈکسن کے مطابق انہوں نے ابتدا میں پائلٹ ایپی سوڈ کو روایتی ٹی وی پروڈکشن کے ذریعے بنانے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن انہیں اندازہ ہوا کہ یہ عمل نہ صرف سست بلکہ انتہائی مہنگا بھی ثابت ہوگا۔ڈکسن کا کہنا تھا کہ موڈ لیبز کی ٹیم سے ملاقات کے بعد انہیں احساس ہوا کہ مصنوعی ذہانت اس منصوبے کو عملی شکل دینے کا ایک بالکل نیا طریقہ فراہم کر سکتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پائلٹ تیار کرنا محض ایک بٹن دبانے کا معاملہ نہیں تھا بلکہ اس کے پیچھے تخلیقی اور تکنیکی مراحل شامل تھے۔’نو بِگ ڈِیل‘ کی ریلیز کو ٹی وی اور تفریحی صنعت میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کی ایک نمایاں مثال قرار دیا جا رہا ہے جہاں اے آئی روایتی پروڈکشن کے مقابلے میں کم وقت اور وسائل کے ساتھ نئے تخلیقی تجربات کی راہ ہموار کر رہی ہے۔




