ستمبر 13, 2026

ایرانی پاسداران کی امریکی جنگی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے دور رہنے کی وارننگ

تہران: ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے امریکی جنگی جہازوں کو آبنائے ہرمز کے قریب آنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی بحری جہازوں نے اگر اس علاقے کی جانب پیش قدمی کی تو ایرانی فورسز کی جانب سے جواب دیا جائے گا۔ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق پاسداران انقلاب کی بحریہ کے نائب سیاسی کمانڈر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو چیلنج کیا کہ امریکا آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرتا ہے۔ ایرانی عہدیدار نے کہا کہ اگر آبنائے ہرمز واقعی امریکی کنٹرول میں ہے تو واشنگٹن اپنا کوئی جنگی جہاز اس کے 100 کلومیٹر کے اندر لاکر دکھائے۔ان کے مطابق امریکی افواج جانتی ہیں کہ آبنائے ہرمز کے قریب آنے والے کسی بھی بحری جہاز کو ایرانی فورسز کی جانب سے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایرانی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ حالیہ دنوں میں اس نوعیت کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ ان کے مطابق ایران آبنائے ہرمز کے معاملے میں اپنی دفاعی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شامل ہے اور عالمی تیل و گیس کی ترسیل کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث اس آبی گزرگاہ کی سکیورٹی اور بحری آمدورفت پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔