کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں 2027-28 کے سیزن سے نجی سرمایہ کاری متعارف کرائی جائے گی جس کا آغاز میلبرن رینیگیڈز کی فرنچائز سے ہوگا۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق رینیگیڈز کے لیے نجی سرمایہ کاروں سے بولیاں طلب کی جائیں گی اور کوشش ہوگی کہ ٹیم 2027-28 کا سیزن نئے مالکان کے تحت کھیلے۔اس کے بعد دیگر ٹیموں کی نجکاری کا فیصلہ متعلقہ ریاستی کرکٹ بورڈز کی مرضی اور مقامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔کرکٹ وکٹوریہ کی ملکیت میلبرن رینیگیڈز نے 2018-19 میں بی بی ایل ٹائٹل جیتا تھا۔کرکٹ آسٹریلیا نے اس سے قبل لیگ میں نجی سرمایہ کاری کے منصوبے سے تقریباً 600 ملین آسٹریلوی ڈالر حاصل کرنے کی امید ظاہر کی تھی۔تاہم آسٹریلوی کرکٹ کے بعض اہم حلقے نجی سرمایہ کاری کی مخالفت کرتے رہے ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ اس سے مقامی کنٹرول متاثر ہوسکتا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین مائیک بیئرڈ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کھیل کے مستقبل کو مالی طور پر مضبوط اور محفوظ بنانا ہے۔




