اگست 28, 2026

ایران کی معیشت تباہ کرنے کا امریکی دعویٰ، بحری ناکا بندی مزید سخت کرنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی بحری ناکا بندی اور نئی معاشی مہم تہران کی معیشت کو مزید کمزور کردے گی۔اسکاٹ بیسنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکی مہم ’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘ ایران کی کمزور ہوتی معیشت پر مزید دباؤ ڈالے گی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا گزشتہ 14 روز کے دوران خلیج سے تقریباً 13 کروڑ بیرل تیل کی ترسیل میں مدد کرچکا ہے جبکہ ایران کی جانب سے برآمد کیا جانے والا تیل صفر رہا۔امریکی وزیر خزانہ کے مطابق واشنگٹن کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکا بندی کا مقصد ایران کی تیل کی آمدنی اور دیگر معاشی ذرائع کو محدود کرنا ہے۔امریکی حکومت اس وقت ایران پر فوجی دباؤ کے ساتھ معاشی دباؤ بھی بڑھا رہی ہے۔ تازہ اقدامات کو تہران کو عالمی تجارت اور مالیاتی نظام سے مزید الگ کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔دوسری جانب ایران نے امریکی معاشی دباؤ اور بحری ناکا بندی کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور تہران کا مؤقف ہے کہ دباؤ کی یہ پالیسی ایران کو اپنی پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور نہیں کرسکے گی۔آبنائے ہرمز کی صورتحال بھی اس تنازع کا اہم حصہ بنی ہوئی ہے۔ حالیہ اطلاعات کے مطابق ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے مختلف شرائط تیار کررہا ہے، جبکہ امریکا اقتصادی دباؤ کے ذریعے ایران پر اپنی شرائط منوانے کی کوشش کررہا ہے۔