اگست 21, 2026

ایران اور عراق اپنے مستقبل کے فیصلے کسی غیر ملکی طاقت کو کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، قالیباف

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران اور عراق اپنے مستقبل کے فیصلے کسی غیر ملکی طاقت کو کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ایرانی میڈیا کے مطابق قالیباف نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک نے امریکا اور دیگر مغربی طاقتوں کی جانب سے اپنے مستقبل پر اثرانداز ہونے کی کوششوں کو مسترد کردیا ہے۔انہوں نے ایران اور عراق کے درمیان طویل عرصے سے جاری سیاسی اور سکیورٹی تعاون کو اقتصادی ترقی اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔قالیباف کے مطابق ایران اور عراق کے تعلقات جغرافیہ، مشترکہ تاریخ اور مذہبی وابستگیوں پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک کا یہ مشترکہ مؤقف کہ ان کا مستقبل بیرونی طاقتیں طے نہ کریں، باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔ایرانی اسپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخ میں ایسے ملکوں کے طور پر یاد رکھے جائیں گے جنہوں نے اپنی تقدیر دوسروں کے ہاتھ میں دینے سے انکار کیا اور اپنے مستقبل کا فیصلہ مغربی دارالحکومتوں کو نہیں کرنے دیا۔