انگلینڈ کے دو فاسٹ بولرز اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد کرکٹ کی روایت کو ایک منفرد انداز میں نبھایا۔عام طور پر پانچ وکٹیں لینے والا بولر میچ کی گیند اپنے پاس یادگار کے طور پر رکھتا ہے، لیکن جب دونوں بولرز نے ایک ہی اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا تو دونوں کے لیے ایک ہی گیند کا مسئلہ پیدا ہوگیا۔ٹنگ کے مطابق رابنسن نے تجویز دی کہ گیند کو دو حصوں میں تقسیم کرلیا جائے جسے گراؤنڈ اسٹاف نے چند ہی منٹ میں عملی جامہ پہنا دیا۔رابنسن نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دونوں نے میدان سے واپسی کے دوران یہ خیال پیش کیا اور ٹیم مینیجر وین بینٹلی نے گیند گراؤنڈ اسٹاف کے حوالے کردی۔ یوں دونوں کو گیند کا ایک، ایک نصف حصہ مل گیا۔ٹنگ نے 46 رنز دے کر پانچ جبکہ رابنسن نے 51 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں جس کی بدولت پاکستان پہلی اننگز میں 171 رنز پر آؤٹ ہوگیا۔ انگلینڈ نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا لیے تھے۔یہ 2006 کے بعد پہلا موقع تھا جب انگلینڈ کے دو بولرز نے ایک ہی ٹیسٹ اننگز میں پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔




