وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزیرِ پیٹرولیم کو فوری کراچی پہنچنے اور ایندھن کی قیمتوں کے حوالے سے عوامی ریلیف کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی ملاقات میں وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی شریک تھے۔وزیرِ اعظم نے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کو فی الفور کراچی پہنچنے اور آئل ریفائینریز سے مزاکرات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیر پیٹرولیم کراچی جا کر مقامی طور پر تیار کردہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اقدامات یقینی بنائیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ ڈیزل کی مقدار کا ذیادہ تر حصہ مقامی ریفائینریز میں تیار ہوتا ہے، اسکی قیمتوں میں کمی کیلئے وزیرِ پیٹرولیم بذات خود ریفائینریز سے مزاکرات کو جلد از جلد مکمل کریں، جس قدر ممکن ہو عوام تک فوری ریلیف پہنچایا جائے۔




