اگست 15, 2026

محمد نواز انجری کے باعث نیشنل چیمپئنز کپ سے باہر

پاکستان کے اسپن آل راؤنڈر محمد نواز دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی میں فریکچر کے باعث نیشنل چیمپئنز کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعہ کو ان کی انجری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نواز کم از کم تین ہفتوں تک کرکٹ سے دور رہیں گے۔محمد نواز کو 12 اگست کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں اسپارکو پینٹس پاکستان گولڈ اور ال بطال پروڈکشنز پاکستان بلیوز کے درمیان میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے انگلی پر چوٹ لگی تھی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ انجری کے باوجود انہوں نے اپنے 10 اوورز کا کوٹہ مکمل کیا تاہم ان کی ٹیم کو چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔نواز کے 13 اگست کو اسکینز کرائے گئے جن میں فریکچر کی تصدیق ہوئی۔وہ دو ہفتے بعد پی سی بی کے اسپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کریں گے جہاں طبی نگرانی میں ان کی بحالی اور میدان میں واپسی کے مراحل شروع کیے جائیں گے۔