بھارت کے یومِ آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں آج یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، یومِ سیاہ کی کال کی آزادی پسند رہنماؤں اور مختلف تنظیموں نے بھی حمایت کا اعلان کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارت مخالف مظاہرے کرکے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی اقدامات اور مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے۔دوسری جانب بھارتی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر، بالخصوص سری نگر میں سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔ بخشی اسٹیڈیم کے اطراف کئی سطحوں پر سیکیورٹی حصار قائم کیے گئے ہیں جبکہ گاڑیوں، مسافروں اور راہگیروں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔بخشی اسٹیڈیم میں آج بھارتی یومِ آزادی کی مرکزی تقریب منعقد کی جائے گی۔




