اگست 13, 2026

میر رضا علی قتل کیس میں اہم پیشرفت، پولیس نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی

کراچی: سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں میر رضا علی قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
قتل کیس کے سلسلے میں پولیس نے مقدمے میں ترمیم کے بعد ابتدائی اطلاعی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی، جسے عدالت نے ریکارڈ کا حصہ بنادیا ہے۔پولیس کے مطابق 8 اگست کی میڈیکل رپورٹ میں میر رضا کو قتل کیے جانے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں، جس پر مقدمے میں قتل اور شواہد چھپانے کی دفعہ بھی شامل کرلی گئی ہے۔پولیس نے عدالت کو بتایا کہ مجسٹریٹ کی نگرانی میں میر رضا کی قبر کشائی کردی گئی ہے۔ قبر کشائی اور ابتدائی ایگزامن کے بعد مقدمے میں قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس رپورٹ کے مطابق 28 جولائی کی رات میر رضا اپنی دکان واف لکس سے گھر آیا تھا۔ میر رضا نے اپنی والدہ کو بتایا تھا کہ وہ پی ای سی ایچ ایس میں واقع دوسرے گھر سے ہوکر آتا ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق رات 4 بجے کے وقت میر رضا اپنے دوسرے گھر گیا تھا۔ کافی دیر بعد اہلخانہ نے میر رضا سے رابطے کی کوشش کی تو اس کا موبائل بند پایا گیا، جس کے بعد ابتدائی طور پر اہلخانہ نے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔پولیس رپورٹ کے مطابق مقدمے کی تفتیش کے لیے نئی کمیٹی بھی بنائی گئی ہے۔