سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہیکرز فلم ’دی اوڈیسی‘ کی مبینہ مفت ڈیجیٹل کاپیوں کے ذریعے صارفین کے کمپیوٹرز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’دی اوڈیسی‘ سال کی مقبول ترین فلموں میں شامل ہو چکی ہے۔ تاہم، فلم کو ابھی تک باضابطہ طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر جاری نہیں کیا گیا۔ اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیکرز انٹرنیٹ پر فلم کی مفت یا غیرقانونی کاپیاں تلاش کرنے والے صارفین کو نشانہ بنا رہے ہیں۔سائبر سیکیورٹی کمپنی بِٹ ڈیفینڈر نے بتایا کہ متعدد ڈاؤن لوڈ ویب سائٹس پر فلم کی ویڈیو فائل کے نام سے ایسی فائلیں فراہم کی جا رہی ہیں جو درحقیقت ’لوما اسٹیلر‘ نامی خطرناک میلویئر پر مشتمل ہیں
ماہرین کے مطابق یہ فائل کھولتے ہی صارف کا کمپیوٹر میلویئر سے متاثر ہو جاتا ہے، جو پاس ورڈز، محفوظ شدہ ادائیگی کی معلومات، ذاتی فائلیں اور دیگر حساس ڈیٹا چرا سکتا ہے۔ اس معلومات کی مدد سے سائبر حملہ آور متاثرہ شخص کے کمپیوٹر اور آن لائن اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ فلمیں یا دیگر مواد صرف مستند اور قانونی پلیٹ فارمز سے ہی حاصل کریں اور غیر مصدقہ ویب سائٹس سے فائلیں ڈاؤن لوڈ کرنے سے گریز کریں۔




