اگست 6, 2026

وائٹ ہاؤس نے ایران جنگ پر ٹرمپ اور وزیر دفاع کے درمیان اختلافات کی خبروں کو جعلی قرار دے دیا

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے ان میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے درمیان ایران سے متعلق پالیسی پر اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ مکمل طور پر غلط ہے اور ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ وہ خود کیمپ ڈیوڈ میں صدر ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے ساتھ موجود تھیں، اس لیے وہ یقین سے کہہ سکتی ہیں کہ رپورٹ میں بیان کیا گیا واقعہ کبھی پیش نہیں آیا۔کیرولین لیویٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے متعدد مرتبہ واشنگٹن پوسٹ کو بھی آگاہ کیا تھا کہ اس کی رپورٹ درست نہیں، تاہم اس کے باوجود خبر شائع کی گئی۔ترجمان نے الزام لگایا کہ بعض میڈیا ادارے مسلسل وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ صدر ٹرمپ ان پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ وزیر دفاع سے خوش ہیں، انہیں پسند کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں انجام دے رہے ہیں۔واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران سے متعلق حالیہ جنگ اور امریکی پالیسی پر صدر ٹرمپ اور وزیر دفاع کے درمیان اختلافات سامنے آئے تھے، تاہم وائٹ ہاؤس نے ان تمام دعوؤں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کی ایران سے متعلق حکمت عملی اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر امریکی حکومت کے مختلف فیصلے عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔