جولائی 28, 2026

سڈنی لوپیس کابرال کا ارجنٹینا کیخلاف شاندار گول فیفا ورلڈکپ 2026 کا بہترین گول قرار

فیفا ورلڈکپ 2026 میں کیپ وردے کے کھلاڑی سڈنی لوپیس کابرال کا ارجنٹینا کے خلاف کیا گیا دلکش گول ٹورنامنٹ کا بہترین گول قرار دے دیا گیا ہے۔راؤنڈ آف 32 کے سنسنی خیز مقابلے میں کابرال نے اضافی وقت کے دوران شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹائن کے مڈفیلڈر الیکسس میک ایلسٹر کو چکمہ دیا اور گیند کو خوبصورت انداز میں گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز کے اوپر سے گول پوسٹ میں پہنچا کر اسکور 2-2 سے برابر کر دیا۔اس گول نے ازبکستان کے ایلڈور شومورودوف اور ہیٹی کے ولسن اسیڈور کے شاندار گولز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ’گول آف دی ٹورنامنٹ‘ کا اعزاز اپنے نام کیا۔کابرال نے کہا کہ جب انہیں گول کا موقع ملا تو انہوں نے بغیر ہچکچاہٹ کے شاٹ لینے کا فیصلہ کیا اور گیند کو ٹاپ کارنر کا رخ کرتے دیکھ کر خود بھی حیران رہ گئے۔انہوں نے بتایا کہ ورلڈکپ میں گول کرنا ہر فٹبالر کا خواب ہوتا ہے لیکن ارجنٹینا جیسی بڑی ٹیم کے خلاف اس انداز میں گول کرنا ناقابلِ فراموش لمحہ تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ گول کی خوشی میں ان کی والدہ ٹریسا اسٹیڈیم میں بے ہوش ہوگئیں کیونکہ انہوں نے پہلے ہی وعدہ کیا تھا کہ گول کرنے پر سب سے پہلے اپنی والدہ اور گرل فرینڈ کے پاس جائیں گے۔کابرال نے کہا کہ میچ کے بعد مجھے سابق برازیلین اسٹار مارسیلو نے میسج کرکے بتایا کہ انہوں نے میرے گول کو ٹورنامنٹ کے بہترین گول کے طور پر ووٹ دیا ہے۔