جولائی 27, 2026

پہلے ٹیسٹ کا دوسرا دن، ویسٹ انڈیز کے 311 رنز کے جواب میں پاکستان نے 199 رنز بنا لیے

ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے محتاط اور پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے اختتام تک اپنی پوزیشن بہتر بنا لی۔ٹروبا ٹیسٹ کے دوسرے دن ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلی اننگز میں بنائے گئے 311 رنز کے جواب میں پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا لیے ہیں،جبکہ شان مسعود 88 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ ان کے ساتھ سلمان علی آغا بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ ہیں۔پاکستان کی جانب سے اوپنر امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اذان اویس اپنے ٹیسٹ ڈیبیو میں متاثر نہ کر سکے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔اس سے قبل میزبان ٹیم نے دوسرے دن اپنی نامکمل اننگز 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے دوبارہ شروع کی، تاہم پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 117 رنز کے اضافے پر باقی تمام وکٹیں حاصل کر لیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شے ہوپ 92 اور کیوم ہوج 84 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ شمار جوزف 23، تیجنارائن چندرپال اور عامر جینگو 21، 21، جسٹن گریوز 15، برینڈن کنگ 12 اور روسٹن چیز 10 رنز بنا سکے۔پاکستان کی جانب سے محمد علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 50 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عباس نے 3، خرم شہزاد نے 2 جبکہ عامر جمال نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے افتتاحی روز مضبوط آغاز کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے تھے۔