تہران: ایران کے جنوبی ساحلی شہر بندر عباس کے اطراف منگل کے روز کم از کم پانچ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔یہ شہر آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے، جہاں حالیہ دنوں میں ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صورتحال پہلے ہی انتہائی حساس بنی ہوئی ہے۔ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق چند ہی منٹوں کے دوران بندر عباس کے مغربی علاقوں سے پانچ دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ تاہم فوری طور پر دھماکوں کی نوعیت، مقام یا ان کی وجوہات کے بارے میں کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ رپورٹ میں یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ دھماکوں کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان ہوا ہے یا نہیں، جبکہ مقامی حکام کی جانب سے بھی واقعے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔بندر عباس ایران کی اہم ترین بندرگاہوں میں شمار ہوتا ہے اور یہ آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ حالیہ دنوں میں ایران اور امریکا کے درمیان عسکری کارروائیوں اور آبنائے ہرمز سے متعلق کشیدگی کے باعث اس علاقے پر عالمی توجہ مرکوز ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق بندر عباس کے اطراف پیش آنے والا کوئی بھی سکیورٹی واقعہ خطے کی مجموعی صورتحال اور عالمی توانائی کی منڈیوں پر اثرات مرتب کر سکتا ہے، تاہم دھماکوں کی اصل وجوہات سامنے آنے تک کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگاایرانی حکام کی جانب سے مزید معلومات جاری کیے جانے کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔




