جولائی 8, 2026

شیگیلا کے خلاف نئی ویکسین کے حوصلہ افزا نتائج

شیگیلا بیکٹیریا سے ہونے والی آنتوں کی بیماری کے خلاف تیار کی جانے والی ایک نئی تجرباتی ویکسین نے طبی آزمائش کے دوسرے مرحلے (فیز ٹو کلینیکل ٹرائل) میں حوصلہ افزا نتائج دیے ہیں۔ تحقیق کے مطابق ویکسین نے بیماری سے بچاؤ میں 89 فی صد مؤثر کارکردگی دِکھائی ہے۔جرنل دی لانسیٹ انفیکشیس ڈیزیزز میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق امریکا کے دو مراکز میں ہونے والے اس ٹرائل میں 18 سے 49 سال کی عمر کے 73 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا۔شرکا کو یا تو ڈبلیو آر ایس 2 نامی یا پھر پلیسبو (غیر مؤثر دوا) دی گئی۔ زندہ مگر کمزور کی گئی یہ اورل ویکسین شیگیلا سونئی کے خلاف تیار کی گئی ہے، جو شیگیلا بیکٹیریا کی چار اقسام میں سے ایک ہے۔یہ بیکٹیریا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو متاثر کرتا ہے اور اس سے اسہال، قے اور آنتوں کی شدید بیماری لاحق ہو سکتی ہے۔ماہرین کے مطابق شیگیلا کی بعض اقسام صفِ اول کی اینٹی بائیوٹکس کے خلاف تیزی سے مزاحمت بھی پیدا کر رہی ہیں جبکہ اس وقت اس بیماری کے خلاف کوئی منظور شدہ ویکسین موجود نہیں۔تحقیق کے دوران دو خوراکیں لینے والے 34 افراد میں سے صرف تین فراد (9 فی صد) شیگیلوسس کا شکار ہوئے جبکہ پلیسبو لینے والے 26 افراد میں سے 21 (81 فی صد) میں بیماری کی تشخیص ہوئی۔نتائج کے مطابق ویکسین کی مجموعی کارکردگی89 فی صد رہی جبکہ ویکسین لینے والوں میں مضبوط مدافعتی ردعمل بھی دیکھا گیا۔اگرچہ زیادہ تر ضمنی اثرات معمولی نوعیت کے تھے۔ تاہم، چھ شرکا میں نسبتاً شدید ردعمل سامنے آنے پر ڈیٹا سیفٹی مانیٹرنگ بورڈ نے جائزہ لیا، جس کے بعد ویکسین کی خوراک کم کرنے کا فیصلہ کیا گیاتحقیق کے سربراہ رابرٹ ڈبلیو فرینک جونیئر کا کہنا ہے کہ یہ نتائج شیگیلا کے خلاف محفوظ اور مؤثر ویکسین کی تیاری کی جانب ایک اہم پیشرفت ہیں۔ان کے مطابق اگلے مرحلے میں ویکسین کی مناسب خوراک کا تعین کیا جائے گا اور افریقا سمیت ان علاقوں میں بڑے پیمانے پر آزمائش کی جائے گی جہاں بچے اس بیماری سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔