جولائی 7, 2026

ایک سے زائد زبانیں سیکھنے سے دماغ کو جوان رکھنے میں مدد ملتی ہے، تحقیق

اگر اپنے دماغ کو ہر عمر میں جوان رکھنا چاہتے ہیں تو کوئی بھی نئی زبان سیکھنا شروع کر دیں۔یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔Basque Center on Cognition, Brain and Language کی تحقیق میں بتایا گیا کہ نئی زبان سیکھنے سے دماغی عمر میں اضافے کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔اس تحقیق میں 728 افراد کو شامل کیا گیا جن کے دماغی اسکین کرکے برین ایجنگ کلاک کو تیار کیا گیا۔اس کلاک کی مدد سے دماغ کے مختلف حصوں کے درمیان تعلق کی بنیاد پر کسی فرد کی دماغی عمر کا تخمینہ لگایا گیا۔بعد ازاں اس تحقیق میں مزید 144 افراد کے گروپ کو شامل کرکے ان کی دماغی عمر کا اندازہ لگایا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد ایک سے زیادہ زبانیں بولتے ہیں، ان کے دماغ صرف ایک زبان بولنے والے افراد کے مقابلے میں 6 سے 13 سال زیادہ جوان ہوتے ہیں۔تحقیق میں دریافت ہوا کہ لوگ جتنی زیادہ زبانوں سے واقف ہوں گے، ان کا دماغ اتنا زیادہ جوان ہوگا۔مثال کے طور پر 2 زبانوں سے واقفیت رکھنے والے افراد کا دماغ 6 سال جوان نظر آتا ہے، 3 زبانیں بولنے والوں کا دماغ 7 سال زیادہ جوان نظر آتا ہے جبکہ 4 زبانوں سے دماغی عمر میں 13 سال تک کی کمی آتی ہے۔محققین نے بتایا کہ آسان الفاظ میں ایک سے زیادہ زبانیں بولنا دماغ کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ نوجوانی میں نئی زبان سیکھنے سے دماغی عمر بڑھنے کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب وہ یہ جاننے کے لیے تحقیق کریں گے کہ زبانیں سیکھنے سے الزائمر جیسے امراض پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔