کچھ دن قبل میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں یوزر نیم فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔واٹس ایپ میں یوزر نیمز صارفین کے فون نمبروں کی جگہ لیں گے۔اس طرح صارفین کے لیے اپنے ذاتی فون نمبروں کو زیادہ پرائیویٹ رکھنے میں مدد ملے گی۔ابھی تک یوزر نیم فیچر ایکٹیو نہیں کیا گیا اور اسے آنے والے مہینوں میں عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔مگر یوزر نیم کو ریزرو کرانے کا آپشن اب دستیاب ہے اور صارفین اپنی پسند کے ناموں یا یوزر نیم محفوظ کراسکتے ہیں۔اگر آپ نے ابھی تک یوزر نیم ریزرو نہیں کرایا تو آپ کو جلد ایسا کرلینا چاہیے، ورنہ اپنی پسند کے نام کو محفوظ نہیں کراسکیں گے۔درج ذیل میں آپ جان سکیں گے کہ واٹس ایپ یوزر نیم کو کیسے محفوظ کرایا جاسکتا ہے۔یہ واضح رہے کہ یوزر نیم کو واٹس ایپ کی موبائل ایپس میں ہی محفوظ کیا جاسکتا ہے۔جب بھی یوزر نیمز فیچر دستیاب ہوگا تو آپ کو نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔آئی فونز میں یوزر نیم ریزرو کرانے کے لیے واٹس ایپ اوپن کریں۔واٹس ایپ اوپن کرنے کے بعد نیچے یو (you) بٹن اور پھر پروفائل پر کلک کریں۔وہاں کرئیٹ یوزر نیم یا ریزرو یوزر نیم آپشن پر کلک کریں گے اور اپنی پسند کے یوزر نیم کو لکھ کر سیو کرلیں۔اینڈرائیڈ فونز میں واٹس ایپ اوپن کرکے اوپر دائیں جانب تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کرکے سیٹنگز میں جائیں۔سیٹنگز میں پروفائل پر کلک کرکے کرئیٹ یوزر نیم یا ریزرو یوزر نیم کا انتخاب کریں اور پھر اپنا یوزر نیم منتخب کرکے سیو کرلیں۔مختلف سوشل میڈیا نیٹ ورکس کی طرح واٹس ایپ میں بھی یوزر نیم منفرد ہونا ضروری ہوگا اور اگر وہ پہلے سے کسی نے منتخب کرلیا ہوگا تو آپ کو کسی اور یوزر نیم کا انتخاب کرنا ہوگا۔جب آپ کسی یوزر نیم کو ریزر کرالیں گے تو آپ اسے تبدیل یا ڈیلیٹ کرسکتے ہیں اور اس کے 14 دن بعد کوئی اور اسے حاصل کرسکے گا۔میٹا کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ایک صارف کتنی بار یوزر نیم کو تبدیل کرسکتا ہے، مگر یہ ضرور عندیہ دیا ہے کہ کسی قسم کی حد ضرور موجود ہے۔اور ہاں اگر آپ کوئی نیا یوزر نیم نہیں چاہتے بلکہ فیس بی یا انسٹا گرام کے یوزر نیم کو واٹس ایپ میں استعمال کرنا چاہتے ہیں تو ایسا ممکن ہے۔ہر یوزر نیم 3 سے 35 حروف پر مشتمل ہونا ضروری ہوگا۔




